ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: سڑک حادثے میں زخمی ہونے والے نوجوان کی آج اُڈپی اسپتال میں موت

بھٹکل: سڑک حادثے میں زخمی ہونے والے نوجوان کی آج اُڈپی اسپتال میں موت

Fri, 01 Jul 2016 20:10:45  SO Admin   S.O. News Service

بھٹکل یکم جولائی (ایس او نیوز) کل جمعرات کی شب شمس الدین سرکل پر ہوئے حادثے میں بھٹکل موسیٰ نگر کا ایک نوجوان عبدالبدیع ابن حذیفہ قاضیا (18) شدید زخمی ہوگیا تھا اوراُسےبھٹکل سرکاری اسپتال میں ابتدائی طبی امداد پہنچانے کے بعد اُڈپی لے جایا گیا تھا، ابھی اطلاع ملی ہے کہ وہ اُڈپی اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا ہے۔ انا للہ و انالیہ راجعون

واضح رہے کہ عبدالبدیع اپنے ایک دوست ذیشان سنہری کے ساتھ رمضان بازار(ماری کٹہ) سے واپس اپنے گھر موسیٰ نگر لوٹ رہا تھا کہ شمس الدین سرکل پر اس کی بائک ایک پرائیویٹ بس سے ٹکراگئی۔ حادثے میں عبدالبدیع کے سر کو شدید چوٹ لگی تھی، جس کو دیکھتے ہوئے اسے بے حد نازک حالت میں اُڈپی لے جایا گیا تھا، مگر آج جمعہ مغرب کی آذان کے وقت وہ اپنے خالق حقیقی سے جاملا۔

عبدالبدیع کے تعلق سے بتایا گیا ہے کہ وہ مرڈیشور کی ایک کالج کا طالب العلم تھا، حال ہی میں ہوئے پی یو سی اول میں کامیاب ہونے کے بعد اب پی یو سی دوم میں داخلہ لیا تھا۔

اُڈپی سے ذرائع نے خبر دی ہے کہ اس وقت ضروری کاغذی کاروائی جاری ہے، جس کے بعد میت بھٹکل لائی جائے گی۔ اُدھر جدہ سعودی عربیہ سے ذرائع نے خبردی ہے کہ اس نوجوان کے والد جناب حذیفہ قاضیا اپنے لخت جگر کے انتقال کی خبر سنتے ہی بھٹکل کے لئے روانہ ہوگئے ہیں۔

اللہ تعالیٰ اس نوجوان کی مغفرت فرمائے اور والدین کو صبر جمیل عطا فرمائے اٰمین


Share: